یو ایس ایڈ کے تعاون سے چکوال میں زیتون کا تحقیق سنٹر قائم کرنے کا معاہدہ

یو ایس ایڈ کے تعاون سے چکوال میں زیتون کا تحقیق سنٹر قائم کرنے کا معاہدہ
فروری 09 21:22 2017 Print This Article

چکوال میں اولیو ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے یو ایس ایڈ (PEEP) اورباری کا اشتراک

چکوال (9فروری، 2017 ؁ء): آج یو ایس ایڈ نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارےBarani Agricultural Research Institute (BARI۔باری) کے ساتھ اولیو ریسرچ سنٹر کے قیام کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت اور پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے زیتون کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور تحقیق کیلئے(Olive) اولیو فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ تقریب باری چکوال میں اولیو ڈیویلپمنٹ گروپ کی پانچویں میٹنگ کی موقع پر منعقد کی گئی۔ سیکرٹری محکمہ زراعت محمد محمود ،صوبائی ڈائریکٹر یو ایس ایڈلاہور ایلیسن میک فارلینڈاور زیتون کے شعبے سے متعلق دیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

اولیو ڈیویلپمنٹ گروپ کی میٹنگ سے خطاب کے دوران ایلیسن میک فارلینڈ نے کہا کہ یہ گروپ پنجاب میں زیتون کے شعبے کی ترقی کیلئے مربوط نقطہء نظر، فیصلہ سازی ، نئی اصلاحات ، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ پوٹھوہار کو وادی زیتون میں تبدیل کرنے کی کاوشوں میں معاونت کررہاہے۔
سیکرٹری زراعت محمد محمود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب پوٹھوہار میں زیتون کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی ترقی کے مواقعوں کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے۔ آج کی اولیو ڈیویلپمنٹ گروپ کی میٹنگ حکومت پنجاب کی دلچسپی کی غماز ہے جس کے تحت زیتون کے شعبے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے والے حضرات کومعاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے یو ایس ایڈ کی زرعی شعبے کی ترقی کیلئے معاونت کو سراہا۔
یو ایس ایڈپنجاب اینیبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ کے تعاون سے حکومت پنجاب کا قائم کردہ اولیو ڈیویلپمنٹ گروپ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور اشخاص پر مشتمل ہے اور پنجاب میں زیتون کے شعبے میں کاروباری ماحول کی بہتری کیلئے مشاورت فراہم کرنا ہے۔اس کی سربراہی سیکرٹری زراعت کرتے ہیں باقی ممبران میں اس شعبہ سے منسلک کاروباری حضرات، کسان، تعلیمی ادارے اور ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔حکومت پنجاب وادئ زیتون کے قیام اور ترقی کیلئے پانچ سالوں میں 20لاکھ پودے مفت فراہم کرے گی جس سے تقریباََ 15ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت ممکن ہو سکے گی۔
یو ایس ایڈپنجاب اینیبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ ،پنجاب میں ہارٹیکلچر ، لائیو سٹاک اور ڈیری کے شعبوں کے فروغ کیلئے 15ملین ڈالرمالیت کا پانچ سالہ منصوبہ ہے۔
بارانی علاقوں میں زراعت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل کیلئے Barani Agricultural Research Institute (BARI۔باری) چکوال کا قیام 1979 ؁ء میں عمل میں لایا گیا۔
اولیو ریسرچ سنٹر کے قیام میں مدد کے ساتھ ساتھ یو ایس ایڈ(PEEP) بین الاقوامی معیار کے مطابق زیتون کے تیل کی پیداوار و کاروبار ، زیتون کی نرسریوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور زیتون کاشتکاری کیلئے فیزیبلٹی(Feasibility) بنانے میں بھی تعاون کر رہا ہے۔

Comments

comments