جامعہ گجرات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب

جامعہ گجرات  میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب
فروری 09 15:33 2017 Print This Article

گجرات (سٹاف رپورٹر): وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا  کہ اعلیٰ تعلیم کا مربوط نظام قومی ترقی کی راہوں کو مزید کشادہ کرتا ہے۔ دورِ حاضر میں جدید خطوط پر استوار ایک علمی نظام ہی ہمیں نوجوان نسل کو معاشرہ کا ایک کار آمد فرد بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ موجودہ حکومت نے ہونہار طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ سکیم کا اجراء کرتے ہوئے اعلیٰ قومی خدمت سرانجام دی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ان خیالات کا اظہار جامعہ گجرات کے لاہور سب کیمپس کے طلبا و طالبات میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت تقریب تقسیم لیپ ٹاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جامعہ گجرات قومی کاوشوں میں کاملاً ہاتھ بٹاتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی و اخلاقی تربیت کا بھی بندوبست کر رہی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت سے کسی صورت انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے جہاں دنیا ایک گلوبل ویلیج کی صورت اختیار کر چکی ہے وہاں تعلیم کے میدان میں بھی ٹیکنالوجی نے انقلاب برپا کر دیا ہے۔ اسی امر کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ہونہار طلبا و طالبات کے لیے لیپ ٹاپ سکیم کا اجراء کرکے ایک اہم قومی ذمہ داری پوری کی ہے۔ تقریب کا انعقاد جامعہ گجرات لاہور سب کیمپس لیاقت آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں ایم فل اور ماسٹرز کے ہونہار طلبا و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے لیپ ٹاپ حاصل کیے۔

چیئرمین یو او جی لاہور سب کیمپس میاں فرحت علی نے بھی طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ دیگر مہمانان گرامی میں ڈاکٹر صغرا صدف، ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر احسان الرحمن، ڈاکٹر بشیر، ڈاکٹر جمال عباسی اور ڈائریکٹر میڈیا وپیلی کیشنز شیخ عبدالرشید نے شرکت کی۔ انہوں نے جامعہ گجرات کے لاہور سب کیمپس کی تعلیمی و علمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ چیف ایگزیکٹو فاروق بلوچ نے مہمانان گرامی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلبا و طالبات کو اپنے ریسرچ میں مدد ملے گی۔

Comments

comments

  Categories: