خواتین کی شمو لیت کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ، ڈاکٹر نیاز احمد

خواتین کی شمو لیت کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ، ڈاکٹر نیاز احمد
July 31 19:37 2019 Print This Article

للاہور(دی ایجوکیشنسٹ،31جولائی،بدھ):وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمدنے کہا ہے کہ خواتین بہت محنت کرتی ہیں اور تعلیمی میدان میں اعلیٰ پوزیشنز لے رہی ہیں اسی لئے انہیں آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں بی اے بی ایس سی سالانہ امتحانات2019ء میں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، قائمقام کنٹرولر امتحانات روف نواز، ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات راجہ شاہد جاوید، ڈپٹی کنٹرولر خرم عنایت، پوزیشن ہولڈر طالبات، والدین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ عام طور پر یونیورسٹی ستمبر یا اگست کے آخری ہفتے میں نتائج کا اعلان کرتی ہے تاہم اس مرتبہ شعبہ امتحانات نے دن رات محنت کر کے42 دنوں میں دولاکھ چار ہزار چھ سو چھبیس امیدواروں کا نتیجہ تیار کیا جو کہ ایک ناقابل یقین کارنامہ ہے جس پر کنٹرولر امتحانات روف نواز اور ان کا سارا عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ امتحانات کی جانب سے جلد نتائج دینے کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ نے ماسٹرز کی سطح پر یکم اگست سے داخلوں کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مسائل کا سامنا کرنے والی طالبات کی جانب سے ٹاپ پوزیشنز لی گئی ہیں جو کہ ان کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال کی کوششوں سے پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ جبکہ یونیورسٹی میں ہر سطح پر اعلیٰ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی پروگرامز کا نصاب جدید تقاضوں کے مطابق ازسر نو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ یونیورسٹی تربیت یافتہ گرایجوایٹس پیدا کر سکے جبکہ ایم فل پی ایچ ڈی کی سطح پر معیار کو یقینی بنانے کے لئے چند شعبوں میں داخلے شروع کئے جا رہے ہیں اور جن شعبہ جات میں ایم فل پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات ذیادہ ہیں ان میں داخلے نہیں شروع کئے گئے تا کہ ان شعبوں میں پہلے سے داخل طلباء و طالبات کو ذیادہ توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے لڑکوں کو بھی تلقین کی کہ وہ بھی محنت کریں اور آگے آئیں۔ انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر ٹیوشن فیس معاف ہو گی اورسکالرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام کنٹرولر امتحانات رؤف نوازنے کہا کہ شعبہ امتحانات نے دن رات محنت کر کے 42 دنوں میں امتحانی نتائج ترتیب دئیے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن کے لئے وہی امیدوار اہل ہوتے ہیں جنھوں نے پہلی مرتبہ امتحانات دئیے ہوں اور سب سے ذیادہ نمبر لئے ہوں۔ بعد ازاں پروفیسر نیاز احمد نے پوزیشن ہولڈرز میں چیک اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔

Print this entry

Comments

comments

  Categories: