پھر اردو میڈیم کا نعرہ۔ پنجاب حکومت کا 2020سے ذریعہ تعلیم اردو میں کرنےکا فیصلہ

پھر اردو میڈیم کا نعرہ۔  پنجاب حکومت کا 2020سے ذریعہ تعلیم اردو میں کرنےکا فیصلہ
July 29 16:45 2019 Print This Article

 

علی احمد لطیف

رپورٹ۔علی احمد لطیف

.لاہور۔ پنجاب حکومت  نے مارچ 2020   سے  پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو   میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس بات کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری اپنے پیغام میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ  اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے، اس وجہ سے بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے، لہذا تعلیمی سال مارچ 2020سے پنجاب کے پرائمری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا۔ 

پرائمری سطح تک قومی زبان اردو میں تعلیم دینے  اور انگریزی  کو بطور مضمون پڑھانے کا فیصلہ پنجاب حکومت نے فروری 2019میں جاری ہونے والی  تعلیمی پالیسی ”  دی نیو   ڈیل” میں کیا تھا جس کا اعلان اب کیا جارہاہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا الیکشن 2018  کیلئے منشور   تھا کہ پر ائمری سطح پر تعلیم اردو میں دی جائے ،جس پرمحکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے پنجاب کے 22 اضلاع میں طلباء، والدین اور اساتذہ سے ذریعہ تعلیم سے متعلق سروے کیا گیا جس میں  ہر کیٹگری میں 85 فیصد سے زائد رائے اردو  زبان کے حق میں آئی۔پنجاب کے وزیر تعلیم  مراد راس کا اس بابت  کہنا ہےکہ  انشاءاللہ مارچ 2020 سے  پرائمری کی سطح تک ذریعہ تعلیم اردو میں کر دیا جائے گا اور انگریزی  بطورِ زبان پڑھائی جائے گی۔

یونیسکو کی ایک رپورٹ

اس حوالے سے یونیسکو کی ایک رپورٹ بہت معنی رکھتی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  ترقی پذیر  ممالک  جنھوں نے ذریعہ تعلیم مادری زبان اختیار کیا وہاں پر خواند گی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ اسکے برعکس بدیسی زبان کو ذریعہ  تعلیم  بنانے والے ممالک  میں خواندگی کی شرح  تنزلی کا شکار ہوئی ہے۔

پنجاب میں پرائمری سطح تک ذریعہ تعلیم اردو میں کرنے  کے حوالے   سے ماہرینِ  ایجوکیشن نے  بھی  حکومت کے اس فیصلے کی تائید کی ہے  ،انکا کہنا ہے کہ  بچوں کو  پرائمری   سطح تک اپنی مادری زبان میں تعلیم دینے سے انکو  پڑھنے اور سمجھنے کیلئے  ایک اچھی بنیاد مل جاتی  ہیں  جبکہ  تعلیمی ناقدین کے مطابق ملک میں نافذ مختلف تعلیمی نظام کے باعث پہلے ہی طلبا میں اردو اور انگریزی  میڈیم کی تفریق پائی جاتی ہیں اور اچھے  ومعیاری سکولوں میں اب اردو کو ہی ذریعہ تعلیم بنایا جارہا ہے، ان حالات میں پنجاب حکومت کی جانب سے پرائمری سطح پر  اردو کو ذریعہ تعلیم بنانےکا  اعلان ایک بڑا فیصلہ ہے۔ جسکے نتائج اس پر عمل درآمد کے بعد ہی آئے گے۔

Print this entry

Comments

comments