حکومت کی عدم توجہی، ڈیجیٹل لائبریریوں میں تاریکیاں

حکومت کی عدم توجہی، ڈیجیٹل لائبریریوں میں تاریکیاں
March 28 20:54 2019 Print This Article

للاہور(عثمان بے خبر۔28ما رچ2019)   ۔صوبے میں‌ ایک سال قبل ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کی گئیں تھیں تاہم تحریک انصاف کی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث ان لائبریریوں‌ کا مستقبل خطرے میں‌ ہے.بجلی کے بلوں‌ کی عدم ادائیگی کے باعث صوبے کی چار لائبریریوں کے بجلی کنکشن منقطع کر دیے گئے ہیں. ان میں ای لائبریری لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور مظفر گڑھ کی ای لائبریریاں شامل ہیں.تفصیلات کے مطابق مذکورہ چاروں لائبریریز کے بجلی کنکشن 18 اور 20 مارچ کے درمیان منقطع کیے گئے ہیں.ڈیجیٹل لائبریری کا پراجیکٹ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے ای لائبریریز کو جولائی کے مہینے سے فنڈز جاری نہیں‌ کیے گئے.ڈیجیٹل لائبریریز میں بجلی منقطع ہونے سے کمپیوٹر لیبز بند اور الیکٹرانک ریسورسز تک رسائی بھی بند ہوگئی ہے.ڈیجیٹل لائبریریز میں‌ بجلی منقطع ہونے پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے حکومت کو ایک بھی خط نہیں‌ لکھا گیا جس میں اس سنگین معاملے پر شکایت کی گئی ہو.ڈیجیٹل لائبریری میں مطالعہ کے لیے آنے والے شہری محمد بلال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گورنر ہاؤس اور وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے جارہی تھی لیکن یہاں‌ تو لائبریریوں کی بجلی ہی منقطع ہو چکی ہے اور حکومت کو فکر تک نہیں‌ ہے.لائبریری میں موجود شہری یاسر خان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل لائبریری بجلی کے بغیر ایسے ہی ہے جیسے روح کے بغیر جسم. یاسر کے مطابق لائبریری میں وہ گزشتہ تین مہینے سے آرہے ہیں لیکن دس روز سے بجلی نہ ہونے کے باعث وہ الیکڑانک کتابوں کا مطالعہ کرنے سے محروم ہیں۔ڈیجیٹل لائبریریز کی تعمیر پر پنجاب حکومت کی جانب سے 50 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز خرچ کیے گئے تھے تاہم اب یہ لائبریریز غیر یقینی کی صورتحال سے دو چار ہیں.

Print this entry

Comments

comments

  Categories: