دی ایجوکیشنسٹ اور ہائر ا یجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کے قومی مقابلے شروع

دی ایجوکیشنسٹ اور ہائر ا یجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کے قومی مقابلے شروع
December 11 14:16 2017 Print This Article

خصوصی بچے بھی ان مقابلوں میں نارمل بچوں کا مقابلہ کررہے ہیں

سٹاف رپورٹ: پنجاب یونیورسٹی ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اوردی ایجوکیشنسٹ کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں کھیلوں کے قومی مقابلے شروع ہو گئے ہیں۔پانچ روز پر مشتمل کھیلوں میں ہاکی ، کرکٹ، فٹ بال،ٹیبل ٹینس، والی بال، سکوائش ،کشتی رانی،باسکٹ بال، بیڈمنٹن ، سوئمنگ، اتھلیٹکس ، رسہ کشی، سوفٹ بال اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔ کھیلوں میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کی 100 سے زائد ٹیموں کے تقریباََ ایک ہزار کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ مقابلوں کی افتتاحی تقریب پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس جمنیزیم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ایڈیٹردی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور،ڈائریکٹرایکسٹرنل ریلیشنزوجوائنٹ ایڈیٹردی ایجوکیشنسٹ اے آرساجد، ٹیموں کے کوچز، مینجرز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں صحت مند تفریح کے بہت کم مواقع میسر ہیں تاہم ایسے مقابلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو سپورٹس کے ذریعے اجاگر کرنا ضروری ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں سے امیدیں وابستہ ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے کہا کہ پاکستان کے دو دراز علاقوں سے کھلاڑیوں کا آنا ایک مثبت پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ہماری زندگی کا اہم حصہ ہیں اور صحت مند ذہن اور جسم کے لئے کھیلوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبیر سرور نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے کلچر کی روک تھام کے لئے کھیلوں کو فروغ دینا ضروری ہے کیونکہ کھیل انسان کو ہارنا اور جیتنا سکھاتا ہے۔

اے آرساجد نے کہاکہ دسمبرکے مہینے میں ان کھیلوں کے انعقاداورطلبا کی بھرپورشرکت ملک میں دہشت گردی پھیلانے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ طلبا ان کے ساتھ مقابلے کے لئے تیارہیں۔انہوں نے کھیلوں کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرنے پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر،ڈائریکٹرسپورٹس ایچ ای سی فیصل بٹ،ڈائریکٹرسپورٹس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرظفراقبال بٹ اورچئیرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔ ان کھیلوں کی خاص بات یہ ہے کہ خصوصی بچے بھی نارمل بچوںکامقابلہ کریں گے اوریہ مقابلے 15 دسمبر تک جاری رہیں گے۔

Print this entry

Comments

comments