پاکستان میں تعینات نئے فرانسیسی سفیر کی ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات

پاکستان میں تعینات نئے فرانسیسی سفیر کی ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات
November 08 07:54 2017 Print This Article

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر):پاکستان میں تعینات فرانس کے نئے سفیر ڈاکٹر مارک باریتے نے منگل کے روز اعلٰی تعلیمی کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور چےئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی بھی موجود تھے۔

1پاکستان میں تعیناتی پر فرانسیسی سفیر کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی آمد پر خو ش آمدید کہا اور انہیں پاکستان اور فرانس کے مابین اعلٰی تعلیمی شعبے میں تعاون پر مبنی اقدامات خصوصات پیری ڈاٹ پروگرام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ای سی اور فرانسیسی سفارتخانے کے درمیان مضبوط تعاون کا رشتہ موجود ہے جو مستقبل میں یقیناًمزید مستحکم ہو گا۔ انہوں نے ایچ ای سی کی ملک میں اعلٰی تعلیم کے فروغ کے لئے کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی اپنے قیام سے پاکستان میں اعلٰی تعلیم کی ترویج، ریسرچ کلچر کے فروغ،اور تعلیم تک یکساں رسائی کے حوالے سے مسلسل برسرپیکار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی پاکستان کے لئے ایک اثاثہ ہے جس کی مثبت انداز میں رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔

ڈاکٹر مختار احمد نے حال ہی میں ایچ ای سی کی جانب سے منعقدہ آرکیالوجی فیسٹول کا حوالے سے کہا کہ ایچ ای سی تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں سرگرم عمل ہے ، حالیہ فیسٹول پاکستان میں آثار قدیمہ کے تحفظ کے موضوع پر ایک اہم تقریب تھی جس میں 20000سے زائد ملکی و غیر ملکی شرکاء اور محققین شریک ہوئے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی شعبے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعمیری سائنس کی ترقی کا سامان مہیا کرے اور بنی نوع انسان کے مسائل کا مداوا پیش کرنے میں معاونت فراہم کرے۔

اپنے اظہارخیال میں فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں اعلٰی تعلیم کی ترقی کے لئے ایچ ای سی کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ اعلٰی تعلیمی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے سلسلے میں فرانسیسی سفارتخانہ ہمیشہ تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید ترقی ملے گی جو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کا موجب ہو گا۔

ڈاکٹر ارشد علی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایچ ای سی کے قیام ، مقاصد اور کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایچ ای سی کی کاوشوں سے ملک میں اعلٰی تعلیمی شعبے کی ترقی کا عمل تیز تر ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی ملک میں تعلیم وتحقیق اورنئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گا۔

Print this entry

Comments

comments