رواں سال پنجاب میں50 نئے ڈگری کالج قائم کئے جائیں گے۔ڈاکٹر نظام الدین

by Asad Saleem | جون 9, 2017 11:27 شام

ل لاہور(علی ارشد) چئیرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا کہ پنجاب ایچ ای سی مالی سال2017-18میں صوبے میں 50 نئے ڈگری کالجز کے قیام کے علاوہ 30 موجودہ سرکاری کالجز میں جدید سہولیات میسر کرے گا اور خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی عمارت مکمل کی جائے گی۔ پہلے سے قائم شدہ یونیورسٹیوں کے کیمپسز کو مزید بہتر بنانے کے علاو ہ نئی یونیورسٹیوں اور ذیلی کیمپس کے قیام سمیت کئی نئے اور اہم اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے پنجاب میں اعلی تعلیم کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ بجٹ میں اضافے سے پی ایچ ای سی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور رواں مالی سال پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اپنے منصوبوں سے صوبہ میں اعلی تعلیم کے شعبہ میں بہتر اصلاحات لانے کے لئے پر عزم ہے اور اسی لئے اس کی توجہ تعداد کی بجائے معیار پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار چئیرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین نے PHEC سیکرٹریٹ ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں جاری سینئر مینجمنٹ کمیٹی کے ایک اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔۔ انہوں نے کہا کہ 2017-18 کے صوبائی بجٹ میں ہائر ایجوکمیشن کے لئے فنڈز کی ایک قابل ذکر رقم مختص کی گئی ہے جس میں لیڈرشپ اینڈ فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈیمی کے لیے 1500 ملین، صوبے کے اعلی تعلیمی اداروں میں سائنس کی تعلیم کے فروغ کے لیے 50 ملین ، پنجاب میں کمیونٹی کالجز کے قیام کے لئے 108 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی پروگراموں کے لئے 500160 ملین کی رقم پنجاب ہائر ایجوکمیشن کمیشن کے لیے مختص کی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد نظام الدین نے اعلی تعلیم کے بجٹ میں اضافے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ اس سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے قائم کردہ پنجاب ہائر ایجوکمیشن کمیشن کو استحکام ملے گا۔ مختص کردہ بجٹ سے نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے اعلیٰ تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کی تکمیل میں مدد ملے گی۔

Comments

comments

Source URL: http://urdu.educationist.com.pk/?p=1532