یوای ٹی میڈیا سوسائٹی کا سالانہ میڈیا فیسٹول

by Asad Saleem | مئی 29, 2017 2:54 شام

اختتامی تقریب میں پروفیسر نعیم مسعود،دلاور چوہدری، سائیں ظہور اور ڈاکٹر تنویرقاسم کی شرکت

لاہور (21 مئی2017 ) یوای ٹی میڈیا سوسائٹی کا سالانہ میڈیا فیسٹول ختم ہو گیا۔اختتامی تقریب مین آڈیٹوریم میں منعقد ہو ئی،جس میں ممتازکالم نگار پروفیسر نعیم مسعود،معروف صحافی اور دانشور دلاور چوہدری کے علاوہ صوفی گائیک سائیں ظہور نے شرکت کی، یوایم ایس کے سٹاف ایڈوائزر ڈاکٹر رانا تنویرقاسم نے سوسائٹی کے عہدیداران کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نعیم مسعود نے کہا کہ تعلیم نے انسان کو پتھر کے زمانے سے آج کے جدید دور تک پہنچایا ہے، قدیم نسل نے جدید نسل کے لیے علم وہنر اور ٹیکنالوجی فراہم کی جس سے وہ آج پوری طرح مستفید ہو رہی ہے۔ ہم نے نئی نسل کو بہت کچھ دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ زندگی عمل سے بنتی ہے،صرف علم سے نہیں، علم کو عملی طریقوں سے استعمال نہ کیا تو تعلیم بے سود ہو گی۔ تعلیم انسانی کردار کی تشکیل اور اچھا انسان بناتی ہے۔ دلاور چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو ناکامی کا خوف اپنے دل سے نکالنا ہو گا، تخلیقی محرکات کے راستے میں یہی سب سے بڑ ی رکاوٹ ہوتی ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی خوابیدہ صلاحیت، قابلیت اور استعداد کو بیدار کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آپ جس بھی میدان کا انتخاب کریں، کامیابی کے لیے محنت اور لگن بہت ضروری ہے۔ مقررین نے یوای ٹی میں میڈیا فیسٹول کے انعقاد پر انتظامیہ کا مبارک بادپیش کی۔، فیسٹول میں سٹوڈنٹس کے درمیان شارٹ فلم،، گرافکس ڈیزائنگ، سمیت مختلف میڈیولز کے تحت مقابلہ جات بھی ہوئے۔ اس موقع پر سائیں ظہور نے صوفیانہ کلام پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔تقریب کے آخر میں ڈاکٹر تنویرقاسم نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں اور کہا کہ میڈیا فیسٹول کا مقصد انجینئرز میں میڈیا کے جدید اسلوب اور مہارتوں کے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

Comments

comments

Source URL: http://urdu.educationist.com.pk/?p=1494