ورچوئل یونیورسٹی کا آٹھواں سالانہ کونووکیشن، صدر مملکت ممنون حسین کی خصوصی شرکت

ورچوئل یونیورسٹی کا آٹھواں سالانہ کونووکیشن، صدر مملکت ممنون حسین کی خصوصی شرکت
مئی 04 19:37 2017 Print This Article

ورچوئل یونیورسٹی جیسے دوسرے ادارے انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے شعبے میں طلباءکو بہتر معیار تعلیم فراہم کر سکتے ہیں۔صدر مملکت

لاہور(سٹاف رپوٹر):ورچوئل یونیورسٹی کے آٹھویں سالانہ کونووکیشن  کی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین  کی خصوصی شرکت ۔ کونووکیشن میں   وائس چانسلر نوید اے ملک ،فیکلٹی ممبران سمیت طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پا ک چین اقتصادی راہداری اس خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب بھر پور توجہ دینا ہو گی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایجاد نے اس دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے اور یہ شعبہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔  ماضی میں تعلیمی اور صنعتی اداروں کو قومیانے کی وجہ سے انسانی ترقی پر برے اثرات مرتب ہوئے ۔  ورچوئل یونیورسٹی جیسے دوسرے ادارے انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے شعبے میں طلباءکو بہتر معیار تعلیم فراہم کر سکتے ہیں۔  ورچوئل یونیورسٹی مواصلات کے جدید ذرائع کو استعمال میں لا کر نہ صرف تعلیم کو عام کر رہی ہے بلکہ اُن طلبا کو بھی تعلیم کی روشنی پہنچا رہی ہے جو وسائل کی کمی اور دور دراز فاصلوں کی وجہ سے تعلیم کے مراکز تک نہیں پہنچ پاتے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ماہرین کی بہت زیادہ ضرورت ہو گی،صدر مملکت

صدر مملکت نے مذید کہا کے  پاکستان جیسے معاشروں میں جہاں تعلیم کی شرح کم ہے اور اس کے فروغ میں وسائل کی کمی آڑے آتی ہے، وہاں اس طرح کے تعلیمی اداروں کی اہمیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس پس منظر میں ورچوئل یونیورسٹی جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ قابل تحسین ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ یہ ادارہ اقوام متحدہ سمیت کئی دیگر عالمی اداروں کے تعاون سے کئی اہم اور مفید منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ یونیورسٹی دائرہ تعاون میں مزید اضافہ کرتے ہوئے دنیا کی دیگر یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کرے گی اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر نئی نسل کو جدید علوم و فنون میں مہارت دلائے گی۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ماہرین کی بہت زیادہ ضرورت ہو گی اس لیے ضروری ہے کہ ہماری یہ جامعہ اور اس میں زیرِ تعلیم نوجوان اس دور کو پیش نظر رکھ کر خود کو تیار کریں۔  ورچوئل یونیورسٹی اور اس کے گریجویٹس اس سلسلے میں ہماری امیدوں پر پورا اتریں گے۔

صدر مملکت ممنون حسین ورچوئل یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والوں کو گولڈ میڈل اور انعامات سے بھی نوازا۔ اس سے قبل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نوید اے ملک نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اب تک 6242 طلبا کو ڈگری سے نوازا گیا ہے جن میں 2166 طلبا کا تعلق لاہور سے ہے۔

Comments

comments

  Categories: