اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والا 11 رکنی گروہ گرفتار

اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والا  11 رکنی  گروہ گرفتار
January 06 18:17 2017 Print This Article

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے مرکزی ملزم سمیت گروہ کے 11 ارکان کو گرفتار کرلیا۔

تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف منظم طور پر مہم شروع کی جائے:وزیر داخلہ چوہدری نثار

قائداعظم یونیورسٹی،، اقراء یونیورسٹی، نسٹ یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی اور روٹس اسکول   کے طلبہ و طالبات منشیات کے  عادی

اسلام آبا د  (  محمد اسد سلیم )

   وفاقی دارالحکومت کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنیوالے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے،ملزم نے میڈیا کے سامنے چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔

وفاقی دارالحکومت کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو منشیات کا عادی بنائے جانے کا خوفناک انکشاف ہوا ہے، دو سے تین ہزار روپے میں امپورٹڈ منشیات بچوں کو تعلیمی اداروں میں فراہم کی جا رہی ہے، ایک ماہ میں تعلیمی اداروں میں موت کا کاروبار کرنے والے گیارہ افراد گرفتار ہوچکے ہیں،منشیات کے عادی طلبا اپنے دوستوں کو بھی نشے کا عادی بنا رہے ہیں۔

اینٹی نارکاٹیکس فورس نے قوم کے دشمنوں کا پردہ چاک کر دیا ہے، منشیات اسلام آباد کی یونیورسٹیز اور کالجز میں پہنچانے والے نیٹ ورک کا سرغنہ پکڑ کر میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔

ہوش ربا انکشافات کے مطابق یہ سپلائر گروپ اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، نسٹ یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی اور روٹس اسکول میںمنشیات پہنچاتا ہے،جہاں طلبہ و طالبات اس کے چھپے ایجنٹوں کے ہاتھوں منشیات خریدتے ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایک ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی یونیورسٹیوں میں چھ آپریشن کیے جس میںمنشیات کے سپلائر 11افراد کو گرفتار کر لیا گیا،میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے شخص وحید علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ملزم وحید علی نے انکشاف کیا ہے کہ اسلام آباد کی یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے طلباءاس سے امپورٹڈ منشیات ویڈ، ایل ایس ڈی اسٹرپس، لاٹرز خریدتے ہیں۔

ملزم کو جس وقت گرفتار کیا گیا اس سے اس وقت ایک لاکھ 53 ہزار روپے کی منشیات کی پڑیاں ملیں،اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق خریدار طلباءکو ایک ویڈ کا ٹوکن 3300 روپے جبکہ ایک بلاٹر 2000روپے میں دیا جاتا ہے، منشیات کے یہ بیو پاری وفاقی دارالحکومت کی یونیورسٹیز میں منشیات فراہم کرتے ہیں تو خریدار طلباء مزید دوستوں کو اس نشے کا عادی بنانے کا سبب بن رہے ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورسز کے کمانڈر کے مطابق ملزم وحید اپنے ساتھیوں کی مدد سے  کئی نامور تعلیمی اداروں میں منشیات بیچتے تھے جب کہ ملزم ایل ایف ڈی کا ایک ٹوکن 2 سے 3 ہزار روپے میں فروخت کرتا تھا۔ کمانڈر نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبا کو ہی اپنا ایجنٹ بنا رکھا تھا جن کے ذریعے وہ خاموشی سے منشیات سپلائی کرتے تھے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف منظم طور پر مہم شروع کی جائے، ضلعی انتظامیہ کو بھی تمام ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مہم میں جہاں کہیں بھی اے این ایف کی ضرورت ہو تو ان سے بھی مدد لی جائے، مہم کی کامیابی کے لیے شہری بھرپور تعاون کریں۔ہمیں اپنے بچوں کومنشیات سے محفوظ رکھنا ہے ۔ معصوم بچوں کو منشیات کی طرف دھکیلنے والے قومی مجرم ہیں۔ترجمان وزارت دا خلہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف مہم کا باقاعدہ آغاز پیرسے ہوجائے گا

چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ وانسداد منشیات رحمان ملک نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنا ہمارااولین فرض اور عزم ہے، اورمنشیا ت کیخلاف جنگ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق رحمان ملک کاکہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام پرکمیٹی مسلسل اجلاس کررہی ہے ،کمیٹی نے اینٹی نارکوٹکس(اے این ایف ) کو منشیات فروشوں کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کردئیے ہیں کہ مو ت بیچنے والوں کیخلاف کارروائی اور جنگ جاری رکھی جائے، انہوں نے اے این ایف ڈیپارٹمنٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی منشیات فروشوں کےخلاف کارروائیوں پراطمینان کا اظہارکرتی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں 2سے 3ہزار روپے کے عوض امپورٹڈ منشیات بچوں کو فروخت کر کے انہیں نشے کا عادی بنایا جارہا ہے۔جبکہ اس موت کا کاروبار کرنے والے 11افرادکو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

Print this entry

Comments

comments

  Categories: